اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے اپنا گھر اسکیم کا اجرا کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ آئندہ وفاقی بجٹ میں عوام کو بڑی سہولتیں دیں گے۔وفاقی دارالحکومت میں اپنا گھر اسکیم کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ بجٹ میں ہم بڑی چیزیں لے کر آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اپنا گھر اسکیم کے لیے قرض کے حصول کو آسان بنایا گیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت ایک کروڑ روپے تک قرض آسان شرائط پر دستیاب ہوگا ، جبکہ اس کا اطلاق چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ہوگا۔وزیرِ اعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد اپنے گھر سے محروم ہے ۔ لوگوں کو چھت کی فراہمی ایک مقدس فریضہ ہے۔
انہوں نے قرض حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عام آدمی کو چھت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ یہ اسکیم چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے لیے بھی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت پہلا ہدف 50 ہزار گھروں کے لیے قرض فراہم کرنا ہے ، اس کے لیے 321 ارب روپے کی فنانسنگ مختص کی گئی ہے۔ آئندہ 4 برس میں حکومت کا ہدف 5 لاکھ گھروں کی تعمیر ہے۔وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ اس اسکیم کا مجموعی حجم 3.2 کھرب روپے ہے، جس کے تحت 10 مرلے تک کی زمین پر گھر بنایا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس اسکیم کا ہر ماہ خود جائزہ لیں گے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ جو بینک اس اسکیم میں لیڈ لیں گے وہ حکومت کے لیے قابلِ فخر ہوں گے ۔ ایسے بینکوں کو 14 اگست کو ایوارڈ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے صنعت اور تجارت کو فروغ ملے گا اور ملک میں خوشحالی کے دروازے کھلیں گے۔

Leave feedback about this