وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل میچ کے لیے شائقین کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دے دی ہے، جس کے بعد کرکٹ فینز میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فرنچائز مالکان کی درخواست پر فائنل میں تماشائیوں کو اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ وزیراعظم خود بھی اسٹیڈیم میں شائقین کی موجودگی کے حامی تھے۔
محسن نقوی کے مطابق کفایت شعاری پالیسی کے تحت مختلف اقدامات جاری ہیں، تاہم اس کے باوجود وزیراعظم نے کرکٹ کے شائقین کے لیے یہ خوشخبری سنا کر انہیں بڑا تحفہ دیا ہے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 11 کا فائنل میچ 3 مئی کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں اب شائقین بھی میچ کا بھرپور لطف اٹھا سکیں گے۔
