مفتی الیاس رضوی اشرفی انتقال کر گئے
اہلسنّت کے جید عالم دین علامہ مفتی محمد الیاس رضوی اشرفی انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر سنتے ہی مذہبی حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی، جبکہ شاگردوں، عقیدت مندوں اور اہلِ علم کی بڑی تعداد نے ان کی وفات کو ایک ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا ہے۔
مرحوم کی نماز جنازہ محمدی گراؤنڈ، عثمان آباد رنچھوڑ لائن میں ادا کی گئی، جہاں علماء کرام، مشائخ عظام، سماجی و مذہبی شخصیات اور عوام الناس کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
نماز جنازہ کا منظر انتہائی رقت آمیز تھا، جہاں ہر آنکھ اشکبار نظر آئی اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
نماز جنازہ کے بعد مرحوم کو دارالعلوم نضرۃ العلوم میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ تدفین کے موقع پر بھی عقیدت مندوں کی بڑی تعداد موجود رہی، جنہوں نے اپنے محبوب عالم دین کو اشکبار آنکھوں کے ساتھ الوداع کہا۔
مختلف مذہبی و سماجی شخصیات نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم کی دینی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل دے۔
