وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ نے پاکستان کو وہ عزت دی جو عمر بھر کی تگ و دو سے بھی نہ ملتی۔
کابینہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئےوزیراعظم کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے تمام میڈیا چینلز نے امن کی راہ ہموار کرنے میں پاکستان کے کردار کو سراہا، چالیس سال میں سول و عسکری قیادت میں ایسی بے مثال ہم آہنگی نہیں دیکھی۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو سفارتی محاذ پر اہم کامیابی سے نوازا ہے، پاکستان نے مشترکہ کاوشوں سے مسلم ملکوں اور امن کے لیے کردار ادا کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ جنگ کے شعلے دو ہفتے کے لیے بجھ گئے ہیں، اللہ نے چاہا تو ہمیشہ کے لیے بجھ جائیں گے، پاکستان نے ذمہ داری اور وقار کے ساتھ کردار ادا کیا، سیاسی اور ملٹری لیڈرشپ یکسو ہیں اور رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سفارتی کامیابی کا جتنا بھی شکر ادا کریں کم ہے، فیلڈ مارشل اس حوالے سے کئی راتیں جاگتے رہے،امریکی اور ایرانی لیڈر شپ کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ جنگ میں بھائی کو بھائی سے لڑانے کی کوشش کی گئی، ایران اور امریکا کی لیڈرشپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، پاکستان کی درخواست قبول کرنے پر ایرانی اور امریکی قیادت کے مشکور ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چین نے امن کاوشوں میں بھرپور تعاون کیا، سعودی عرب، قطر، عمان، کویت، ترکیہ، انڈونیشیا، مصر، آذربائیجان اور یو اے ای کا شکر گزار ہوں، تمام دوست ملکوں نے امن کاوشوں میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے سعودی عرب میں پیٹروکیمیکل کمپلیکس پر ہونے والے حملے کی مذمت کی، پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم نے انتھک محنت کی، آج کا پاکستان بدلا ہوا پاکستان ہے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ آج دنیا پاکستان کو عزت کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے، یہ عزت کسی ایک فرد کی نہیں بلکہ پوری قوم کی ہے۔
