عازمین حج کیلئے خوشخبری،وزارت مذہبی امور نےحج پروازوں کا شیڈول جاری کردیا ۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق پاکستان سے پہلی حج پرواز 18 اپریل کو روانہ ہوگی۔ پاکستان سے سرکاری حج سکیم کے تحت 468 پروازوں کے ذریعے عازمین کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا ۔
وزارت کے مطابق 18 اپریل کو کراچی، لاہور، سیالکوٹ اور ملتان سے پروازیں روانہ ہوں گی ۔ عازمین کو آئندہ ہفتے ان کی متعلقہ پروازوں سے آگاہ کر دیا جائے گا۔
پاکستان سے سرکاری سکیم کے تحت ایک لاکھ 19 ہزار عازمین کو مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ لے جایا جائے گا۔سرکاری سکیم کے تحت 67 ہزار 230 مرد عازمین کو سعودی عرب پہنچایا جائے گا ۔سرکاری سکیم کے تحت 51 ہزار 846 خواتین عازمین حجاز مقدس جائیں گی ۔
حج آپریشن کے پہلے روز عازمین کو چار پروازوں کے ذریعے مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا ۔جدہ کے لئے چار مئی سے حج پروازوں کا آغاز کیا جائے گا ۔مدینہ منورہ کے لیے پہلی لانگ حج پرواز سات مئی کو چلے گی ۔ پاکستان سے آخری حج پرواز 21 مئی کو روانہ ہوگی۔
وزارت کے مطابق عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچانے کا آپریشن 34 روز جاری رہے گا ۔حج پروازوں کے آغاز پر پہلے 15 روز عازمین کو مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا۔مدینہ منورہ کے لیے 186 اور جدہ کے لیے 282 پروازیں چلائی جائیں گی ۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق پی آئی اے،ائیر بلیو،ایئر سیال اور سعودی فضائی کمپنی حج آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔ پاکستان کے آٹھ شہروں سے حج پروازیں چلائی جائیں گی ۔اسلام آباد سے 129،کراچی 124 اور لاہور سے 104 پروازیں چلیں گی ۔کوئٹہ سے 18 ،ملتان سے 34 اور سیالکوٹ سے 26 حج پرواز روانہ ہوں گی ۔فیصل آباد سے 23 اور سکھر سے پانچ حج پروازیں عازمین کو سعودی عرب لے جائیں گی۔
