پاکستان تازہ ترین

پٹرول 55، ڈیزل 75 روپے فی لیٹر تک مہنگا ہونے کا امکان

پٹرول 55، ڈیزل 75 روپے فی لیٹر تک مہنگا ہونے کا امکان

ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑے اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، ذرائع کے مطابق پٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 55 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 75 روپے تک اضافے کی تجویز زیر غور ہے۔ اس ممکنہ اضافے نے عوام میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے، کیونکہ پہلے ہی مہنگائی کی شرح بلند سطح پر موجود ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا آئندہ دو روز میں نئی قیمتوں کے تعین سے متعلق اپنی ورکنگ تیار کر کے پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کرے گا، جس کے بعد حتمی منظوری کے لیے سمری وزیر اعظم شہباز شریف کو بھجوائی جائے گی۔ حتمی فیصلہ وزیر اعظم کی منظوری کے بعد ہی سامنے آئے گا۔

حکومتی حلقوں کے مطابق قیمتوں میں اضافے کا اطلاق ایک ہی بار کرنے کے بجائے مرحلہ وار بھی کیا جا سکتا ہے، جس کے تحت دو ہفتوں میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا تاکہ عوام پر اچانک بوجھ کم ڈالا جا سکے۔ تاہم ایک اور آپشن یہ بھی زیر غور ہے کہ حکومت سبسڈی دے کر قیمتوں کو موجودہ سطح پر برقرار رکھے، لیکن اس حوالے سے حتمی فیصلہ مالی گنجائش کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی سمری بھجوائی گئی تھی، تاہم حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 70 روپے 73 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔ موجودہ صورتحال میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور دیگر معاشی عوامل کے باعث ایک بار پھر قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان پیدا ہو گیا ہے، جس پر حتمی اعلان آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔

 

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image