محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ بارش برسانے والا ایک نیا موسمی نظام کل ایران کے راستے پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث ملک کے بعض علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس سسٹم کے زیرِ اثر شمال مشرقی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں اور یہ سلسلہ تقریباً تین روز تک جاری رہ سکتا ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر تیز اور طوفانی ہوائیں چلنے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے مقامی سطح پر موسم میں نمایاں تبدیلی آسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغرب سے آنے والی ہوائیں ایران کے علاقوں سے گزرتے ہوئے آلودہ ذرات اپنے ساتھ لا سکتی ہیں، جس کے نتیجے میں پاکستان کے مغربی علاقوں کے فضائی معیار پر اثر پڑنے کا خدشہ ہے۔ ادارے کے مطابق یہ ذرات فضا میں موجود آلودگی کو عارضی طور پر بڑھا سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل محکمہ موسمیات نے ایک بیان میں بتایا تھا کہ ایران میں تیل کی تنصیبات پر شدید بمباری کے بعد وہاں بعض مقامات پر سیاہ رنگ کے پانی کی بارش کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، جس کے بعد پڑوسی ممالک میں بھی اس کے ممکنہ اثرات سے متعلق خدشات کا اظہار کیا جا رہا تھا۔
تاہم محکمہ موسمیات نے پاکستان میں کسی بھی قسم کی ’’کالی بارش‘‘ کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔ ادارے کے مطابق ایران کی سمت سے آنے والے موسمی نظام میں ممکنہ آلودگی کے پیش نظر احتیاطی اقدامات کے طور پر ریجنل دفاتر کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش کے نمونے جمع کر کے ان کا تجزیہ کیا جائے تاکہ فضا میں موجود ممکنہ آلودگی کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور کسی بھی غیر معمولی تبدیلی کی صورت میں بروقت آگاہ کیا جائے گا۔
Leave feedback about this