خیبر پختونخوا کے زیادہ تر اضلاع میں آج رات سے 16 مارچ کی صبح تک تیز ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس پیش گوئی کے پیش نظر پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے صوبائی ایمرجنسی آپریشن سنٹر نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے جاری کردہ موسمی انتباہ کے مطابق صوبے کے بالائی اضلاع جیسے چترال اپر، چترال لوئر، دیر اپر، دیر لوئر، سوات، بونیر اور ملاکنڈ میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے۔
مزید برآں، کوہستان اپر، کوہستان لوئر، کولائی پالس، شانگلہ، بٹگرام اور تورغر میں موسلادھار بارش کے ساتھ لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں شہریوں کو تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم اور کرک میں بارش اور آندھی کے امکانات ہیں، اسی لیے ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی تیاریوں کی ہدایت کی گئی ہے۔ صوابی، مردان، چارسدہ، نوشہرہ اور پشاور میں بارش اور تیز ہواؤں کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ کوہاٹ، ہنگو، بنوں اور لکی مروت میں درجہ حرارت میں کمی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ ڈی آئی خان، شمالی اور جنوبی وزیرستان میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں 3 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ کمی متوقع ہے اور تمام اضلاع میں ریسکیو ٹیمیں، مشینری اور ایمرجنسی سروسز الرٹ پر رہیں گی۔
عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پہاڑی علاقوں، لینڈ سلائیڈنگ کے خطرناک مقامات، کھلے مقامات، کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور سائن بورڈز سے دور رہیں۔ سیاح اور مسافر غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے بتایا کہ ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل فعال ہے اور عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دے سکتے ہیں۔
