ابابیل اسکواڈ کے 4 شہداء کی نمازِ جنازہ پولیس لائنز میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا پاکستان Roze News
پاکستان تازہ ترین

ابابیل اسکواڈ کے 4 شہداء کی نمازِ جنازہ پولیس لائنز میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا

ابابیل اسکواڈ کے 4 شہداء کی نمازِ جنازہ پولیس لائنز میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا

باجوڑ :رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاران کانسٹیبل یار زادہ، داؤد خان، عمران اور سراج کی نمازِ جنازہ پولیس لائنز باجوڑ میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔نمازِ جنازہ میں کمانڈنٹ باجوڑ سکاؤٹس، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ، ڈپٹی کمشنر باجوڑ، ایس پی انوسٹی گیشن باجوڑ، پولیس و سول محکموں کے افسران، عمائدین علاقہ اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔نمازِ جنازہ کے بعد پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی۔

ابابیل اسکواڈ کے 4 شہداء کی نمازِ جنازہ پولیس لائنز میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا
ابابیل اسکواڈ کے شہداءکانسٹیبلان سراج خان ، یار زادہ خان ، عمران خان ، داؤد خان کی فائل فوٹوز

شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے تابوت پر پھولوں کے گلدستے رکھے گئے جبکہ ملک و قوم کی سلامتی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔بعد ازاں شہداء کے جسدِ خاکی کو پولیس کے خصوصی اسکواڈ کے ہمراہ ان کے آبائی علاقوں کی جانب روانہ کیا گیا جہاں انہیں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس کے خصوصی دستے مختلف شاہراہوں اور بازاروں میں تعینات تھے۔ افطاری سے کچھ دیر قبل نوے کلے کے قریب ابابیل اسکواڈ کی گشتی پارٹی پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے بزدلانہ حملہ کیا، جس کے نتیجے میں چار پولیس اہلکار شہید جبکہ دو زخمی ہو گئے۔ زخمی اہلکار ارشاد خان اور عزیز الرحمن کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد خالد نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ملوث عناصر کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

Exit mobile version