مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں عمرہ زائرین کو افطار کرانے کے خواہشمند افراد کے لیے خوشخبری آ گئی ہے۔
رمضان المبارک میں ہر ایک کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں آنے والے عمرہ زائرین اور عام روزہ داروں کو افطار کرائیں۔ ایسے خواہشمند افراد کے لیے نئی سہولت شروع کی گئی ہے۔
سعودی عرب کے فلاحی پورٹل ’احسان‘ نے ادارہ امورحرمین شریفین کے تعاون سے مخیر افراد کے لیے مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں افطار دستر خوان پروگرام میں شرکت کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ادارہ امور حرمین نے رمضان المبارک کے دوران افطار دستر خوان کے امور کو منظم بنانے کے لیے طریقہ کار وضع کیا ہے جس کے تحت دسترخوان لگانے کے لیے پرمٹ کا حصول ضروری ہے۔
احسان پورٹل کے ذریعے ایسے افراد جو پرمٹ حاصل نہیں کر سکے۔ وہ پورٹل کے ذریعے افطار پروگرام میں شرکت کرسکیں گے۔
متعلقہ کمیٹی پورٹل کے ذریعے افطار اکاونٹ میں وصول ہونے والی رقم سے مقررہ افطار پیکٹس تیار کر کے مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں تقسیم کرنے کے امور کی نگرانی منظم اور شفاف طریقے سے کرتی ہے۔
احسان پورٹل میں افطار کے لیے عطیات ارسال کرنے کے لیے ڈیجیٹل سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔ سمارٹ ایپ کے ذریعے احسان پورٹل میں لاگ ان کرنے کے بعد ’فرص التبرع‘ کا انتخاب کیا جائے۔ اپنی مرضی کی رقم درج کرکے باسانی ادائیگی کی جاسکتی ہے۔
