لاہور: واپڈا نے سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچنے کے لیے چناب پر چار ڈیم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
واپڈا نے چناب پر چار ڈیم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ واپڈا حکام کے مطابق تقریباً تین سو ارب روپے کا یہ منصوبہ چار سال میں مکمل ہوگا۔ ڈیموں میں اضافی پانی ذخیرہ کرکے سیلاب کی صورتحال کو کنٹرول کیا جائے گا۔ 45 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کیا جائے گا اور 330 میگاواٹ بجلی پیدا کی جائے گی۔
دستاویز کے مطابق چنیوٹ اور شاہ جیونہ ڈیموں سے 80 میگاواٹ بجلی پیدا کی جائے گی۔ بھارت مون سون کے موسم میں اچانک دریائے چناب میں پانی چھوڑ دیتا ہے جس سے کھڑی فصلوں اور املاک کو نقصان ہوتا ہے۔
واپڈا حکام کا کہنا ہے کہ خشک سالی کے دوران بھارت دریائے چناب کا پانی بھی اچانک روک دیتا ہے۔ مستقبل میں سیلاب اور پانی کی قلت سے نمٹنے کے لیے پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ سیلابی صورتحال یا پانی کی کمی کی صورت میں ڈیم موزوں ثابت ہوں گے۔
