اسلام آباد:پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے وفاقی حکومت کے ساتھ وزیر پیٹرولیم اور اوگرا کے چیئرمین کو خط لکھ کر معاملہ اٹھایا ہے۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ سالوینٹ آئل مخصوص صنعتی مقاصد کے لیے تیار اور فروخت کیا جاتا ہے اور اسے پیٹرول اور ڈیزل میں ملا کر ناجائز منافع کمایا جارہا ہے۔ یہ تیل گاڑیوں کے انجن کے لیے نقصان دہ ہے۔ کیمیکل ملا پیٹرول کی فروخت سے قانونی پیٹرول پمپ مالکان کو مالی نقصان ہوتا ہے۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ٹیکس کی مد میں بھی حکومت کو بھاری نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ سالوینٹ تیل صحت کے لیے نقصان دہ ہے اور کینسر کا سبب بن سکتا ہے۔ سالوینٹ تیل کے ذرائع کی چھان بین کی جانی چاہیے، اور مقامی ریفائنریوں کی پیداوار اور فروخت کے ڈیٹا کی نگرانی کی جانی چاہیے۔
خط میں درآمدی سالوینٹ آئل کی کسٹم کلیئرنس کی سخت نگرانی، خریداروں اور تقسیم کے ریکارڈ اور پیداوار اور درآمد کے فوری آڈٹ کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس نے ڈیلیوری اور اسٹوریج، معائنہ اور لیبارٹری ٹیسٹنگ کی سخت نگرانی کا بھی مطالبہ کیا۔
