بنوں: خفیہ اطلاع پر آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ، لیفٹیننٹ کرنل اور سپاہی شہید، 5 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بنوں میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملے کی کوشش کی گئی جسے بروقت کارروائی سے ناکام بنا دیا گیا۔
بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج نے بارود سے بھری گاڑی کا استعمال کرتے ہوئے حملہ کرنے کی کوشش کی تاہم پیش قدمی پارٹی نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے خودکش حملہ آور کو روک دیا، بنوں شہر میں بڑی تباہی کا ممکنہ منصوبہ بھی ناکام بنا دیا گیا۔
اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 خوارج دہشت گرد مارے گئے۔
حملے کے دوران دہشت گردوں کی گاڑی سیکیورٹی فورسز کی گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل شہزاد گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ (ضلع پشاور) شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج رمضان میں بھی افغان سرزمین استعمال کر رہے ہیں جب کہ افغان طالبان کی حکومت دہشت گردوں کو روکنے میں ناکام رہی ہے۔
پاکستان نے "استحکام کے عزم” کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

Leave feedback about this