لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے موجودہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل آل راؤنڈر شاداب خان کو مشورہ دیا کہ وہ سابق کرکٹرز کے بارے میں بیانات دینے کے بجائے تنقید کا جواب اپنی کارکردگی سے دیں۔
شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ شاداب اپنے ساتھی کھلاڑیوں کی کامیابیوں کا دفاع کرنے میں بالکل درست ہیں تاہم 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف تاریخی فتح کے بعد ٹیم عزت اور دباؤ کو سنبھالنے میں ناکام رہی۔
انہوں نے کہا کہ شاداب بالکل ٹھیک کہہ رہے ہیں، ہم ورلڈ کپ میں بھارت کو نہیں ہرا سکے، انہوں نے ہرایا، عزت ملی، لیکن وہ یہ عزت سنبھال نہیں سکے۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ عزت کو نہ سنبھالنے کا مطلب ہے کہ 2021 کے بعد ٹیم اندرونی مسائل، انفرادی دباؤ اور اجتماعی طور پر ٹیم کے معاملات کو ٹھیک طریقے سے نہیں سنبھال سکے گی۔
شاہد آفریدی نے شاداب خان کو یہ بھی یاد دلایا کہ جب وہ خراب فارم کی وجہ سے ٹیم سے باہر تھے تو کئی سابق کرکٹرز نے کھل کر ان کی حمایت کی اور ان کی آل راؤنڈ صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔
آفریدی کا کہنا تھا کہ جب شاداب پرفارم نہیں کر پا رہے تھے اور ٹیم سے ڈراپ کیا جا رہا تھا تو ہم ٹی وی پر بیٹھ کر کہتے تھے کہ شاداب ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اس کے اوورز بہت اہم ہیں اور وہ بیٹنگ بھی کر سکتے ہیں، ہم ہی تھے جو شاداب کے حق میں بات کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ شاداب نے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلے بغیر قومی ٹیم میں جگہ بنائی، اس کے باوجود سابق کھلاڑی آج بھی ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔
شاہد آفریدی نے بھی شاداب کے اچھے اخلاق کی تعریف کی اور انہیں مشورہ دیا کہ تنقید کا بہترین جواب میدان میں کارکردگی ہے۔
واضح رہے کہ کولمبو میں نمیبیا کے خلاف 102 رنز سے جیت کے بعد آل راؤنڈر شاداب خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سابق کرکٹرز کی اپنی رائے ہے، وہ لیجنڈ رہے ہیں، وہ وہ نہیں کر سکے جو ہم نے ورلڈ کپ میں کیا، ورلڈ کپ میں ہم نے بھارت کو شکست دی تھی۔
