میاں محمد نواز شریف، قائد مسلم لیگ ن، آئندہ ہفتے آزاد کشمیر کا اہم دو روزہ دورہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وہ 23 فروری کو مظفرآباد پہنچیں گے اور 24 فروری کو اپنے دورے کا اختتام کر کے واپس روانہ ہوں گے۔
دورے کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی نواز شریف کے ہمراہ ہوں گی۔ اس موقع پر نواز شریف آزاد کشمیر کی پارٹی قیادت اور کارکنان سے اہم ملاقاتیں کریں گے، جن میں صدر ن لیگ آزاد کشمیر شاہ غلام قادر اور پارلیمانی لیڈر راجہ فاروق حیدر خان سمیت دیگر پارٹی رہنما شامل ہیں۔
دورے کے دوران موجودہ سیاسی صورتحال، تنظیمی امور اور آئندہ انتخابات کی حکمت عملی پر مشاورت کی جائے گی۔ اس کے علاوہ آزاد کشمیر کے عام انتخابات کے لیے ٹکٹ کے درخواست دہندگان سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ نواز شریف مظفرآباد میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کی رہائش گاہ بھی جائیں گے۔
وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے نواز شریف کے دورے کی تصدیق کی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر ن لیگ کی انتخابی تیاریوں کا باقاعدہ آغاز ہوگا اور پارٹی رہنماؤں کو آئندہ لائحہ عمل سے متعلق ہدایات جاری کی جائیں گی۔ کچھ انتخابی حلقوں کے ٹکٹ بھی اس موقع پر فائنل کیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ نواز شریف کا مظفرآباد دورہ پہلے بھی شیڈول ہوا تھا لیکن مختلف وجوہات کی بنا پر ملتوی ہو گیا تھا۔
