اسلام آباد: رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رمضان بازار سج گئے ہیں جہاں خریداروں کا رش دیکھا جارہا ہے۔ شہریوں کو معیاری چکن، گروسری، تازہ سبزیاں اور پھل سرکاری نرخوں پر فراہم کیے جا رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن کے مطابق ماہ مقدس میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے شہر بھر میں مجموعی طور پر 7 رمضان بازار لگائے گئے ہیں۔ ہر رمضان بازار کے انتظامات کی ذمہ داری متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کو سونپی گئی ہے جبکہ سٹاک کی دستیابی اور سرکاری نرخوں پر عمل درآمد بھی اسسٹنٹ کمشنر کی ذمہ داری ہو گی۔
رمضان المبارک کا آغاز/رمضان بازار سج گئے
وفاقی دارالحکومت کے رمضان بازاروں میں خریداروں کا رش
معیاری چکن، کریانہ، تازہ سبزیوں اور پھلوں کی حکومتی قیمت پر فراہمی جاری
شہر بھر میں مجموعی طور پر 7 رمضان بازار لگائے گئے ہیں، ڈی سی اسلام آباد@KulAalam @AmirSaeedAbbasi pic.twitter.com/VBJG2AgBPp— Media Talk (@mediatalk922) February 19, 2026
ڈی سی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ہر بازار میں ہر وقت موجود رہیں گے اور شہری کسی بھی قسم کی شکایت پر فوری طور پر متعلقہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کے نوٹس میں لاسکتے ہیں۔
عرفان میمن کے مطابق خریداری کے عمل کو مزید سہل بنانے کے لیے تمام بازاروں میں کیش لیس سسٹم کے حوالے سے بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ پارکنگ، سیکورٹی اور صفائی کے انتظامات کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔
ڈی سی اسلام آباد نے واضح کیا کہ شہریوں کو کھانے پینے کی اشیاء پر حکومتی ریلیف ہر صورت فراہم کیا جائے گا اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
