اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں سرد اور خشک موسم کی پیشگوئی کر دی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں بھی ٹھنڈ اور خشکی برقرار رہنے کی توقع ہے۔رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں سردی کی شدت برقرار رہے گی، جبکہ سندھ کے زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی طرح خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی سرد موسم کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم صبح اور رات کے اوقات میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔دوسری جانب بلوچستان، ساحلی و بالائی سندھ اور پاڑاچنار میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جبکہ بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے بالائی علاقوں میں مزید بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی بھی کی ہے۔ادھر صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
