اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک میں 5 جی سپیکٹرم کی نیلامی 10 مارچ کو منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد پاکستان میں جدید موبائل انٹرنیٹ سروسز کے آغاز کے لیے راہ ہموار ہونے کی امید ہے۔
چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمان کا کہنا ہے کہ موثر اور تیز رفتار رابطے کے بغیر ڈیجیٹل پاکستان کا وژن مکمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ 5G نیلامی کے بعد انٹرنیٹ کی رفتار اور معیار سے متعلق مسائل میں نمایاں بہتری آئے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مارکیٹ میں 5G موبائل فون تقریباً 40 ہزار روپے کی قیمت میں دستیاب ہیں جب کہ مختلف موبائل کمپنیاں صارفین کو اقساط پر اسمارٹ فون فراہم کرنے کی سہولت بھی متعارف کروا رہی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ نئی ٹیکنالوجی سے مستفید ہو سکیں۔
پی ٹی اے کے ڈائریکٹر جنرل لائسنسنگ عامر شہزاد کے مطابق دنیا کے 101 ممالک نے 5 جی سروس متعارف کرائی ہے اور پاکستان میں سپیکٹرم کی نیلامی 10 مارچ کو ہو گی۔انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث رابطہ متاثر ہوتا ہے تاہم نئے سپیکٹرم کے اجراء سے سروس کے معیار میں بہتری کی توقع ہے۔
