اسلام آباد: ایک نئی سائنسی تحقیق کے نتائج سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ روزانہ کافی پینے کی عادت مردوں میں پروسٹیٹ کینسر کا خطرہ کم کرسکتی ہے۔
چین میں چائنا میڈیکل یونیورسٹی کے شینیانگ ہسپتال کے سائنسدانوں نے کافی کے استعمال اور پروسٹیٹ کینسر کے خطرے کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا ہے۔
محققین کے مطابق مردوں میں کینسر سے ہونے والی اموات کی تیسری بڑی وجہ پروسٹیٹ کینسر ہے جب کہ اندازوں کے مطابق 85 سال کی عمر تک ہر 6 میں سے 1 مرد اس مرض کا شکار ہو سکتا ہے۔
اس تحقیق میں 16 مختلف مطالعات کا ڈیٹا شامل کیا گیا، جس میں پروسٹیٹ کینسر کے 57,000 سے زیادہ مریض اور مجموعی طور پر 10 لاکھ سے زائد افراد شامل تھے۔
نتائج کے مطابق زیادہ کافی پینے والے مردوں میں پروسٹیٹ کینسر کا خطرہ نمایاں طور پر کم پایا گیا۔
تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ روزانہ پینے والے ہر اضافی کپ کافی کے ساتھ اس بیماری کا خطرہ مزید کم ہو جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق کافی میں موجود کیفین نہ صرف دماغی کارکردگی کو بہتر بناتی ہے بلکہ اس کے جسم پر دیگر مثبت اثرات بھی مرتب ہوتے ہیں۔
ماضی میں کیے گئے متعدد مطالعات میں، کافی کے استعمال کو جگر، چھاتی، بڑی آنت، اور سر اور گردن کے کینسر کے کم خطرے سے منسلک کیا گیا ہے۔
محققین نے اپنے نتائج میں واضح کیا ہے کہ یہ ایک مشاہداتی مطالعہ ہے جو حتمی طور پر یہ ثابت نہیں کر سکتا کہ کافی براہ راست کینسر سے بچاتی ہے یا نہیں، اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
