بچوں کو بھیک کی زنجیروں سے آزاد کرائینگے، سہیل آفریدی نے بھیک مافیا کیلئے سزاؤں کا عندیہ دیدیا پاکستان Roze News
پاکستان تازہ ترین

بچوں کو بھیک کی زنجیروں سے آزاد کرائینگے، سہیل آفریدی نے بھیک مافیا کیلئے سزاؤں کا عندیہ دیدیا

بچوں کو بھیک کی زنجیروں سے آزاد کرائینگے، سہیل آفریدی نے بھیک مافیا کیلئے سزاؤں کا عندیہ دیدیا

بچوں کو بھیک کی زنجیروں سے آزاد کرائینگے، سہیل آفریدی نے بھیک مافیا کیلئے سزاؤں کا عندیہ دیدیا

بچوں کو بھیک کے چنگل سے آزاد کرانے کے لیے تاریخی قانون سازی، سہیل آفریدی نے بھیک مافیا کے خلاف سخت اقدامات کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے واضح کیا ہے کہ بچوں کو بھیک پر لگانے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ بچوں کو گداگری سے نکالنا اور انہیں تحفظ فراہم کرنا حکومت کی آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔

یہ اعلان وگرنسی کنٹرول اینڈ ری ہیبلیٹیشن بل سے متعلق بریفنگ کے دوران سامنے آیا، جس میں بتایا گیا کہ بل کے تحت بھیک پر پہلی بار وارننگ، بحالی مرکز بھیجنے، یا ایک ماہ قید اور جرمانے کی تجویز دی گئی ہے۔ بار بار بھیک مانگنے پر ایک سال تک قید اور 50 ہزار روپے تک جرمانہ جبکہ فراڈ یا دھوکا دہی سے بھیک مانگنے پر 1 سے 2 سال قید کی سزا ہوگی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ جعلی معذوری یا فریب سے مبنی بھیک مانگنا اب سنگین اور قابل سزا جرم ہوگا، اور منظم و جبری بھیک میں ملوث عناصر کے لیے 3 سال تک قید اور 4 لاکھ روپے تک جرمانہ تجویز کیا گیا ہے۔

سہیل آفریدی نے بل کو صوبائی کابینہ میں پیش کرنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ یہ بل صوبے میں بھیک مافیا کے خاتمے کے لیے ایک تاریخی قانون سازی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیا بل گداگروں کے منظم نیٹ ورکس اور استحصال کے خلاف فیصلہ کن وار ثابت ہوگا اور منظم بھیک کو قابل سزا جرم قرار دیتا ہے۔

وزیر اعلیٰ کے پی نے مزید کہا کہ منظم اور جبری بھیک میں ملوث عناصر کے لیے سخت سزائیں تجویز کی گئی ہیں اور بحالی مراکز، ہنرمندی اور روزگار کے ذریعے بھیک کے ناسور کو جڑ سے ختم کیا جائے گا۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ خیرات منظم نیٹ ورکس کے بجائے مستند بحالی نظام کے ذریعے دی جائے تاکہ بھیک مافیا کے سرغنوں اور سہولت کاروں کو سخت سزائیں دی جا سکیں۔ سہیل آفریدی نے زور دیا کہ بھیک کو پیشہ یا کاروبار بنانے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔

Exit mobile version