محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی ہے۔ اسلام آباد میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، کوہستان، بونیر، پشاور، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، صوابی، چارسدہ، کوہاٹ، کرم، بنوں، باجوڑ، مہمند اور خیبر میں بھی بارش متوقع ہے۔
ملک کے بالائی علاقوں میں مغربی ہوائیں داخل ہو گئی ہیں، جس کے باعث آج سے خیبرپختونخوا اور دیگر بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ مری اور گلیات میں بھی آج سے کل تک بارش اور برفباری کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ برفباری کے باعث سڑکوں پر پھسلن اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
اورکزئی، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بھی بارش کا امکان ہے، جبکہ کوئٹہ، زیارت، پشین، چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، مستونگ، قلات، تربت، چاغی، گوادر اور خاران میں بارش متوقع ہے۔ ژوب اور موسیٰ خیل میں بھی چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔ سندھ کے ساحلی علاقوں میں بھی چند مقامات پر بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک، بارش اور برفباری کی توقع ہے، جس سے عوام سے احتیاط برتنے کی درخواست کی گئی ہے۔
