محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کر دی ہے، جبکہ بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آئندہ چند روز کے دوران موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، خصوصاً مری، گلیات اور گرد و نواح میں موسم شدید سرد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مجموعی طور پر موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم صوبے کے مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دیر، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ، ہری پور، ایبٹ آباد، باجوڑ، اورکزئی، خیبر، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور شمالی و جنوبی وزیرستان میں بارش ہونے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں پہاڑوں پر برفباری کی بھی توقع ظاہر کی گئی ہے، جس کے باعث سردی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے۔
دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ کسی نمایاں بارش کی پیش گوئی نہیں کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم سرد رہے گا اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جہاں بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان بھی موجود ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سردی اور ممکنہ بارش و برفباری کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بالخصوص پہاڑی علاقوں کا سفر کرنے والے افراد موسمی صورتحال سے باخبر رہیں۔

Leave feedback about this