اورکزئی: خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز سے جھڑپ میں 24 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 4 اور 5 فروری کو خیبرپختونخوا میں دو الگ الگ جھڑپیں ہوئیں جس میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 24 خوارج مارے گئے۔
سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات پر ضلع اورکزئی میں آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران خوارج کے ٹھکانے کو موثر طور پر نشانہ بنایا گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 14 خوارج مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات پر ضلع خیبر میں ایک اور آپریشن کیا۔ ضلع خیبر میں فائرنگ کے تبادلے میں مزید 10 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ علاقے میں خوارج کے دیگر بھارتی سرپرستوں کے خلاف سرچ آپریشن جاری ہے۔ کلیئرنس آپریشنز کا مقصد باقی ماندہ دہشت گرد عناصر کو مکمل طور پر ختم کرنا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق استحکام کے عزم کے وژن کے تحت انسداد دہشت گردی مہم جاری ہے اور فورسز بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن کریک ڈاؤن کر رہی ہیں۔
