راولپنڈی: اڈیالہ جیل حکام نے پی ٹی آئی کے بانی کی میڈیکل رپورٹ انسداد دہشت گردی کی عدالت راولپنڈی میں جمع کرادی۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل جماعت علی شاہ عدالت میں پیش ہوئے اور پی ٹی آئی بانی کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کی۔
رپورٹ کے مطابق عمران خان کا پاکستان جیل قوانین کے مطابق طبی معائنہ کیا گیا ہے۔ بشریٰ بی بی اور پی ٹی آئی کے بانی کو جیل قوانین کے مطابق تمام طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل عدالت نے رپورٹ پیش نہ کرنے پر جیل سپرنٹنڈنٹ کو توہین عدالت کا نوٹس بھیجا تھا۔
عدالت نے آج اڈیالہ جیل حکام سے عمران خان کی رپورٹ طلب کر لی۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ پمز اسپتال اسلام آباد کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر رانا عمران سکندر نے پی ٹی آئی کے بانی کے علاج کی تفصیلات بتائی تھیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کی دائیں آنکھ کی رگوں میں دباؤ کے باعث ان کی بینائی متاثر ہوئی۔ سینئر ڈاکٹروں کی ٹیم نے پی ٹی آئی بانی کو آنکھ کا معائنہ کرنے کے بعد ڈسچارج کر دیا۔
