خیبر پختونخوا میں بارشوں کا سلسلہ ایک بار پھر شدت اختیار کرنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے صوبے میں اتوار کی رات سے منگل تک مزید بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کی پیش گوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 25 سے 27 جنوری کے دوران مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا، جس کے باعث خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔ اس پیش گوئی کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور پیشگی حفاظتی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ اور کوہستان میں بارش کا امکان ہے، جبکہ ان اضلاع کے بالائی علاقوں میں چند مقامات پر شدید برفباری بھی ہو سکتی ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ اس موسمی نظام کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔
ادھر صوبے کے میدانی علاقوں میں بھی موسم کی صورتحال تبدیل ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہری پور، پشاور، مردان، نوشہرہ اور کوہاٹ سمیت دیگر اضلاع میں تیز بارش ہو سکتی ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بالائی علاقوں میں رہنے والے افراد خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔
