افغان مارکیٹ کی بندش کے باوجود پاکستانی کینو کی برآمدات میں استحکام، 45 دن میں 4 کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل
افغان مارکیٹ کی بندش کے باوجود پاکستانی کینو کی برآمدات کامیابی سے جاری ہیں اور ملک کو خاطر خواہ زرمبادلہ حاصل ہو رہا ہے۔ وزارت تجارت کے مطابق گزشتہ 45 دن کے دوران کینو کی برآمدات سے تقریباً 4 کروڑ ڈالر کا قیمتی زرمبادلہ کمایا گیا ہے، جو برآمدی شعبے کیلئے ایک حوصلہ افزا پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ دسمبر اور جنوری کے پہلے پندرہ دن کے دوران کینو کی برآمدات کی رفتار برقرار رہی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عالمی منڈیوں میں پاکستانی کینو کی طلب میں کمی نہیں آئی۔ افغان مارکیٹ کی بندش کے باعث درپیش مشکلات کے باوجود برآمدکنندگان نے متبادل منڈیوں کی جانب رخ کیا، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی قیادت میں کینو کی برآمدات میں نمایاں استحکام دیکھنے میں آیا۔ وزارت تجارت اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کی بروقت حکمت عملی کے تحت برآمدکنندگان کو سہولیات فراہم کی گئیں اور لاجسٹک مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کیے گئے۔
اعلامیے کے مطابق کینو کی برآمدی کنسائنمنٹس کو تیزی سے متبادل عالمی منڈیوں کی جانب منتقل کیا گیا، جس کے نتیجے میں مشرق وسطیٰ اور جنوب مشرقی ایشیا کی منڈیاں پاکستانی کینو کیلئے اہم اور مستحکم مارکیٹس بن کر سامنے آئیں۔ ان خطوں میں پاکستانی کینو کے معیار اور ذائقے کو سراہا جا رہا ہے۔
وزارت تجارت نے امید ظاہر کی ہے کہ اگر یہی رفتار برقرار رہی تو رواں سیزن میں کینو کی مجموعی برآمدات میں مزید اضافہ متوقع ہے، جو ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
