اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ملاقات کروا دی گئی۔ جیل ذرائع کے مطابق یہ ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں کرائی گئی جو تقریباً آدھے گھنٹے تک جاری رہی۔
جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات جیل قوانین کے مطابق کروائی گئی، جس کے تحت بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی کو ہفتے میں ایک مرتبہ ملاقات کی اجازت دی جاتی ہے۔ ملاقات کے دوران دونوں میاں بیوی ایک ساتھ رہے اور ایک دوسرے کا حال احوال دریافت کیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات پُرسکون ماحول میں مکمل ہوئی جبکہ سکیورٹی کے معمول کے انتظامات بھی کیے گئے تھے۔ جیل انتظامیہ نے ملاقات کے لیے مقررہ وقت اور ضابطۂ کار کی مکمل پابندی کی۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ملاقات کروائی گئی تھی۔ اس موقع پر دونوں میاں بیوی تقریباً 45 منٹ تک اکٹھے رہے تھے اور نجی نوعیت کی گفتگو بھی ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ جیل قوانین کے تحت قریبی اہلِ خانہ سے ملاقات مخصوص دنوں اور اوقات میں کروائی جاتی ہے، جس پر جیل انتظامیہ باقاعدگی سے عمل درآمد کر رہی ہے۔
