دنیا بھر میں بغیر ویزا یا آسان ویزا کے سفر کی سہولت رکھنے والے پاسپورٹس کی تازہ درجہ بندی جاری کر دی گئی ہے۔ لندن میں قائم عالمی شہریت اور رہائش سے متعلق مشاورتی ادارے ہینلے اینڈ پارٹنرز کے جاری کردہ ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق سال 2026 میں بھی ایشیائی ممالک سرفہرست ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سنگاپور کا پاسپورٹ دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ قرار دیا گیا ہے، جس کے حامل افراد 227 میں سے 192 ممالک اور علاقوں میں بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں۔ یہ انڈیکس انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے خصوصی ڈیٹا کی بنیاد پر تیار کیا گیا ہے۔
دوسرے نمبر پر جاپان اور جنوبی کوریا مشترکہ طور پر موجود ہیں، جن کے شہریوں کو 188 ممالک میں ویزا فری رسائی حاصل ہے۔
تیسرے نمبر پر یورپ کے پانچ ممالک، ڈنمارک، لکسمبرگ، اسپین، سویڈن اور سوئٹزرلینڈ شامل ہیں۔ ان سب کو 186 ممالک تک بغیر ویزا سفر کی سہولت حاصل ہے۔
چوتھے نمبر پر بھی مکمل طور پر یورپی ممالک آسٹریا، بیلجیم، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، یونان، آئرلینڈ، اٹلی، نیدرلینڈز اور ناروے شامل ہیں، اور ان سب کی رسائی 185 ممالک تک ہے۔
پانچویں نمبر پر ہنگری، پرتگال، سلوواکیہ، سلووینیا اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں، جن کے پاسپورٹس 184 ممالک تک ویزا فری یا آسان رسائی دیتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات نے گزشتہ بیس برسوں میں سب سے نمایاں بہتری دکھائی ہے۔ 2006 کے بعد یو اے ای نے 149 نئے ممالک تک ویزا فری رسائی حاصل کی اور درجہ بندی میں 57 درجے اوپر آیا۔ اس پیش رفت کی وجہ مسلسل سفارتی سرگرمیاں اور ویزا پالیسیوں میں نرمی بتائی گئی ہے۔
چھٹے نمبر پر کروشیا، چیک ری پبلک، ایسٹونیا، مالٹا، نیوزی لینڈ اور پولینڈ شامل ہیں۔
ساتویں نمبر پر آسٹریلیا، لٹویا، لیختن اسٹائن اور برطانیہ موجود ہیں۔ تاہم برطانیہ کے لیے یہ درجہ بندی تشویش ناک ہے، کیونکہ ایک سال میں اسے آٹھ ممالک تک ویزا فری رسائی کا نقصان ہوا ہے اور اب اس کے شہری 182 ممالک تک ہی بغیر ویزا جا سکتے ہیں۔
آٹھویں نمبر پر کینیڈا، آئس لینڈ اور لتھوانیا ہیں، جنہیں 181 ممالک تک رسائی حاصل ہے۔
ملائیشیا نویں نمبر پر ہے جبکہ امریکا دسویں نمبر پر واپس آیا ہے، جہاں اس کے شہری 179 ممالک تک بغیر ویزا یا ویزا آن ارائیول جا سکتے ہیں۔
اگرچہ امریکا دوبارہ ٹاپ ٹین میں شامل ہوا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس سے آگے 37 ممالک موجود ہیں۔
امریکا نے بھی ایک سال میں سات ممالک تک ویزا فری رسائی کھو دی ہے اور گزشتہ بیس برسوں میں اس کی درجہ بندی میں نمایاں کمی آئی ہے۔
دوسری جانب فہرست کے نچلے حصے میں افغانستان بدستور آخری نمبر پر ہے، جہاں کے شہری صرف 24 ممالک میں بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں۔ شام، عراق بھی سب سے کمزور پاسپورٹس میں شامل ہیں۔
اگر پاکستان کے حوالے سے بات کی جائے تو پاکستان کا پاسپورٹ 98 ویں پوزیشن پر ہے جو 31 ممالک تک بغیر ویزا یا ویزا آن ارائیول کی سہولت فراہم کرتا ہے، جبکہ یمن اسی نمبر پر مساوی ہے۔
عراق 99 ویں، شام 100 ویں اورپھرجیسا کہ اوپر ذکر کیا گیا ہے، افغانستان 101 ویں نمبر پر ہے۔
ہینلے رپورٹ میں ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی ملک کے پاسپورٹ کی طاقت دراصل اس کی سیاسی استحکام، سفارتی ساکھ اور عالمی سطح پر اثر و رسوخ کی عکاسی کرتی ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں دوہری شہریت حاصل کرنے کا رجحان بڑھ رہا ہے، خاص طور پر امریکا کے شہری اس میں سب سے آگے ہیں۔
تاہم یورپ کے کئی ممالک نے حالیہ برسوں میں شہریت کے قوانین سخت کر دیے ہیں، جبکہ امریکا میں بھی دوہری شہریت پر پابندی کی تجاویز زیر غور آ چکی ہیں۔
