ملک کے مختلف علاقوں میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے، جبکہ وادی نیلم میں برفباری کا سلسلہ عارضی طور پر رک گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گریز ویلی میں درجہ حرارت منفی 15 تک گر گیا ہے، جب کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی سردی کے اثرات برقرار ہیں۔ کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 اور قلات میں منفی 4 ریکارڈ کیا گیا۔
خیبرپختونخوا کے زیادہ تر اضلاع میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، جبکہ پنجاب میں ٹھنڈی ہواؤں کا راج رہا۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، اور پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی کا امکان ہے۔
پنجاب، بالائی سندھ اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں دھند کی صورتحال برقرار رہنے کی توقع ہے، جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہ سکتا ہے۔ اسلام آباد، مری اور گلیات میں موسم خشک اور شدید سرد رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، سیالکوٹ، نارووال، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، ساہیوال، خانیوال، فیصل آباد، شیخوپورہ، اوکاڑہ، قصور، ملتان، بہاولپور، جھنگ، شورکوٹ، کوٹ ادو، بہاولنگر، خان پور، اور رحیم یار خان میں دھند رہنے کا امکان ہے۔
سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ سکھر، روہڑی، شکارپور، کشمور، شہید بینظیرآباد، موہنجوداڑو، پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، بنوں اور ڈی آئی خان میں دھند کی توقع ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری اور پہاڑی علاقوں میں آئندہ چند دنوں تک سردی اور دھند برقرار رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث شہریوں کو صبح اور رات کے وقت احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
