حکومت اپوزیشن مذاکرات،محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس آج وزیراعظم کو جواب دیں گے
تفصیلات کے مطابق حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ممکنہ مذاکرات کے معاملے پر آج اہم پیش رفت متوقع ہے، جہاں اپوزیشن الائنس کی قیادت وزیراعظم کو اپنا حتمی جواب دے گی۔ ذرائع کے مطابق محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس آج حکومت کی جانب سے دی گئی مذاکرات کی پیشکش پر وزیراعظم کو آگاہ کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمود خان اچکزئی کی سربراہی میں گزشتہ شب اپوزیشن قائدین کی ایک طویل مشاورتی نشست ہوئی جو پانچ گھنٹے سے زائد جاری رہی۔ اس اجلاس میں حکومت کی مذاکراتی پیشکش، ممکنہ لائحہ عمل اور آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مشاورتی اجلاس کے دوران پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو پارٹی کی رائے اور مؤقف سے مکمل طور پر آگاہ کیا۔ اجلاس میں مذاکرات کے فوائد، خدشات اور ممکنہ سیاسی نتائج پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مشاورت میں محمود خان اچکزئی، علامہ راجہ ناصر عباس، اسد قیصر شریک ہوئے، جبکہ سلمان اکرم راجہ بذریعہ آڈیو لنک اجلاس میں شامل ہوئے۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپوزیشن الائنس کی قیادت کو حکومت سے بات چیت کرنے یا مذاکرات ختم کرنے کا مکمل اختیار دے رکھا ہے۔
اسد قیصر کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ اگر محمود خان اچکزئی چاہیں تو حکومت یا اپوزیشن میں سے کسی سے بھی بات چیت کی جا سکتی ہے، اور اگر اپوزیشن قیادت مذاکرات کو آگے نہ بڑھانے کا فیصلہ کرے تو اس کا اختیار بھی انہیں حاصل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آج وزیراعظم کو دیے جانے والے جواب کے بعد حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے مستقبل کا فیصلہ ہو جائے گا، جس سے ملکی سیاسی صورتحال میں اہم تبدیلی متوقع ہے۔

Leave feedback about this