مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر عابد شیر علی پنجاب سے بلامقابلہ سینیٹر منتخب ہو گئے ہیں۔ یہ نشست سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق عابد شیر علی نے سینیٹ کی جنرل نشست پر ضمنی الیکشن کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے تھے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اس نشست کے لیے مجموعی طور پر تین امیدواروں عابد شیر علی، احسن افضل خان اور عبدالجبار نے کاغذات جمع کرائے تھے۔
بعدازاں احسن افضل خان اور عبدالجبار نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے، جس کے نتیجے میں عابد شیر علی واحد امیدوار رہ گئے اور بلامقابلہ منتخب قرار پائے۔ الیکشن کمیشن جلد اُن کی کامیابی کا باضابطہ اعلان کرے گا۔
تحریک انصاف کی جانب سے اس نشست پر کسی امیدوار نے کاغذات جمع نہیں کروائے تھے، جس کے باعث الیکشن کسی مقابلے کے بغیر مکمل ہوا۔
ن لیگ کے قائدین نے عابد شیر علی کی کامیابی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ ایوانِ بالا میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔
