ملک میں گٹر کے ڈھکن چوری ہونے کے بڑھتے ہوئے واقعات اور اس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع نے ایک بار پھر انتظامی نظام پر سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔حالیہ دنوں کراچی میں کھلے گٹر میں گر کر ایک بچے کی موت کے بعد سیاسی سطح پر بھی سخت ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے گٹر کے ڈھکن چوری کرنے والوں کے خلاف انتہائی سخت کارروائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک گدھا گاڑی پر سوار خاتون اور دو لڑکے گٹر کے قریب رکتے ہیں اور ڈھکن اٹھا کر لے جاتے ہیں۔اسی طرح ایک چنگچی رکشہ ڈرائیور گٹر کے پاس رک کر حالات کا جائزہ لیتا ہے اور موقع پا کر ڈھکن چرا لیتا ہے۔ ویڈیو میں یہ منظر بھی دکھایا گیا ہے کہ گاڑی میں سوار دو افراد ڈھکن اٹھا کر گاڑی کی ڈِگی میں رکھ کر روانہ ہو جاتے ہیں۔وزیر دفاع نے اپنی پوسٹ میں شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اگر ان افراد کی ویڈیو موجود ہے تو انہیں موقع واردات پر لا کر گولی مار دی جائے، کیونکہ یہ لوگ معصوم بچوں کے قاتل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر اس کے باوجود کوئی کارروائی نہ کی گئی تو یہ سمجھا جائے گا کہ پورا نظام بھی ان بچوں کے قتل میں سہولت کار بن رہا ہے۔
Leave a Comment
