خیبر پختونخوا کے عوام نے غیرقانونی افغان مہاجرین کے معاملے پر وفاقی حکومت کے حالیہ فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ تمام غیرقانونی مہاجرین کو فوری طور پر ان کے وطن واپس بھیجنا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق عوام کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کا افغان مہاجرین کو واپس بھیجنے کا فیصلہ مثبت اور قابلِ ستائش اقدام ہے، اور یہ ملک کے قومی مفاد کے لیے ضروری تھا۔ شہریوں نے مزید کہا کہ واپس جانے والے افغان مہاجرین کو مناسب کیمپوں میں رکھا جا رہا ہے اور ان کے لیے بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
خیبر پختونخوا کے عوام نے اس موقع پر وفاقی حکومت سے اپیل کی کہ افغان مہاجرین کو مزید وقت نہ دیا جائے اور غیرقانونی قیام کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ عوام نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ 40 سالوں میں افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کی، مگر اب قومی قوانین اور قومی مفاد کو مقدم رکھنا ضروری ہے۔
شہریوں نے مزید زور دے کر کہا کہ بیرونی ممالک کی طرف سے مدد مانگنے والے اقدامات کو بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، اور ایسے اقدامات پاکستان کے قومی وقار کے خلاف ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ غیرقانونی مہاجرین کی واپسی کے عمل کو تیز اور شفاف بنایا جائے تاکہ قانون کی حکمرانی قائم رہے۔
یہ مطالبات اس وقت سامنے آئے ہیں جب وفاقی حکومت نے افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، اور مختلف صوبوں میں ان کے لیے عارضی کیمپ قائم کیے جا رہے ہیں۔
