غزہ میں طویل دکھوں کے بعد خوشی کی لہر، 54 جوڑوں کی اجتماعی شادی دنیا Roze News
دنیا

غزہ میں طویل دکھوں کے بعد خوشی کی لہر، 54 جوڑوں کی اجتماعی شادی

غزہ میں طویل دکھوں کے بعد خوشی کی لہر، 54 جوڑوں کی اجتماعی شادی

غزہ میں طویل دکھوں کے بعد خوشی کی لہر، 54 جوڑوں کی اجتماعی شادی

غزہ کے جنگ زدہ ماحول میں جہاں تباہی اور مایوسی نے ڈیرے جما رکھے ہیں، وہاں ایک خوشی بھرے اور نایاب لمحے نے پورے خطے میں امید کی نئی روشنی جگا دی۔
خان یونس میں 54 جوڑوں کی اجتماعی شادی کی ایک بڑی اور دل کو چھو لینے والی تقریب منعقد ہوئی، جس میں 21 ہزار سے زائد افرادنے شرکت کی۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ شادی کی تقریب الفارس الشاہیم نامی امدادی ادارے کے تعاون سے منعقد کی گئی، جو متحدہ عرب امارات کے ساتھ مل کر غزہ میں انسانی مدد فراہم کرتا ہے۔
ادارے نے نہ صرف تقریب کا اہتمام کیا بلکہ جوڑوں کو نقد سلامی اور گھریلو سامان بھی فراہم کیا تاکہ وہ نئی زندگی بہتر طور پر شروع کرسکیں۔
تقریب میں شامل دلہنیں تباہ شدہ عمارتوں کے سائے تلے ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے اس امید کے ساتھ نئی زندگی کی جانب بڑھ رہی تھیں کہ حالات بدلیں گے۔ ان ہی دلہنوں میں 27 سالہ ایمان حسن لَوا بھی شامل تھیں۔
ایمان نے خوشی اور دکھ کے امتزاج میں کہا سب کچھ ہونے کے باوجود ہم نئی زندگی شروع کریں گے۔ اللہ نے چاہا تو یہ جنگ بھی ختم ہو جائے گی۔
تقریب کے منتظمین کے مطابق ان 54 جوڑوں کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے کیا گیا، جس کے لیے مجموعی طور پر 2,651 درخواستیں موصول ہوئیں۔
تقریب میں فلسطینی دبکہ رقص، لوک موسیقی اور روایتی گیتوں نے ماحول کو جشن میں بدل دیا، جہاں ایک طرف جنگ کے سائے موجود تھے تو دوسری طرف نئی امیدوں کی چمک بھی واضح تھی۔
غزہ کے عوام کے لیے یہ اجتماعی شادی نہ صرف خوشی کا لمحہ تھی بلکہ اس بات کی علامت بھی کہ سخت ترین حالات میں بھی زندگی آگے بڑھنے کا راستہ تلاش ہی لیتی ہے

Exit mobile version