پاکستان تازہ ترین

ایران،امریکا مذاکرات کے بعد شہباز شریف اور ایرانی صدر کا پہلا رابطہ، کیا اہم گفتگو ہوئی؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

ایران،امریکا مذاکرات کے بعد شہباز شریف اور ایرانی صدر کا پہلا رابطہ، کیا اہم گفتگو ہوئی؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان پہلا اہم رابطہ قائم ہوا ہے، جس میں خطے کی صورتحال اور آئندہ سفارتی پیش رفت پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان تقریباً 45 منٹ تک ٹیلیفونک گفتگو ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور جاری سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی صدر نے اس موقع پر اپنے وفد کو پاکستان بھیجنے سے بھی آگاہ کیا۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے جنگ بندی پر آمادگی کے لیے ایرانی قیادت کی دانشمندی اور دور اندیشی کو سراہا۔ انہوں نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے بھی احترام کا اظہار کیا۔

اعلامیے کے مطابق ایرانی صدر نے اسلام آباد میں ایران اور امریکا کے درمیان متوقع مذاکرات میں شرکت کی تصدیق کرتے ہوئے وزیراعظم کی میزبانی کی پیشکش قبول کر لی۔ دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں قریبی رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق کیا۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے جنگ بندی کے قیام میں پاکستانی قیادت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جنگ بندی ایران کے اصولی مؤقف کے مطابق ہے اور یہ کامیابی ایرانی عوام کی یکجہتی کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران سفارتکاری اور دفاع دونوں محاذوں پر متحد ہو کر آگے بڑھے گا۔

واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان باضابطہ مذاکرات جمعے کو اسلام آباد میں ہونے کا امکان ہے، جس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق یہ پیش رفت وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جانب سے پیش کردہ دو ہفتوں کی جنگ بندی کی تجویز کے بعد ممکن ہوئی، جسے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی قبول کیا۔

ماہرین کے مطابق یہ رابطہ خطے میں امن کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے اور آنے والے مذاکرات مستقبل کی صورتحال کا تعین کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image