لاہور: حکومتِ پنجاب کی پہلی کمرشل ایئرلائن کے آغاز سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کی مجوزہ پنجاب ایئرلائن آئندہ اپریل سے باقاعدہ فضائی آپریشن شروع کرے گی۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں ایئرلائن کے لیے سات مسافر طیارے خریدے جا رہے ہیں۔ منصوبے کے تحت ایئرلائن پہلے دو سال صرف اندرونِ ملک پروازیں چلائے گی، جبکہ آپریشن کے دو سال مکمل ہونے کے بعد بین الاقوامی پروازوں کا آغاز کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر قیادت صوبائی حکومت اپنی ایئرلائن کے قیام کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کا موجودہ سرکاری ہیلی کاپٹر بھی پنجاب ایئرلائن کے بیڑے میں شامل کیا جائے گا اور یہی اس ایئرلائن کا پہلا اثاثہ ہوگا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ایئرلائن کے قیام کے بعد وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سرکاری دوروں کے لیے پنجاب ایئرلائن کا طیارہ استعمال کریں گی اور ان کے لیے الگ خصوصی طیارہ نہیں خریدا جائے گا۔ صوبائی وزرا اور سرکاری افسران بھی اسی ایئرلائن کے ذریعے سفر کریں گے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ منصوبے پر عملدرآمد کے دوران صوبائی خزانے پر اضافی بوجھ ڈالنے سے بچنے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے تاکہ ایئرلائن کو مالی طور پر پائیدار بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔

Leave feedback about this