رمضان المبارک سے قبل ملک میں بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ایران سے مغربی ہواؤں کا نظام پاکستان کا رخ کر رہا ہے، جس کے زیرِ اثر ملک کے مختلف حصوں میں بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 15 فروری کو مغربی ہواؤں کا پہلا سلسلہ بلوچستان میں داخل ہوگا، جس کے باعث کوئٹہ اور گردونواح میں بارش کا امکان ہے۔ یہ سسٹم بتدریج ملک کے دیگر علاقوں کی جانب بڑھے گا۔
17 فروری کو ایک اور مغربی سلسلہ پاکستان میں داخل ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے اثرات سندھ اور خیبر پختونخوا سمیت مختلف علاقوں میں محسوس کیے جائیں گے۔ کراچی میں 18 اور 19 فروری، جو کہ متوقع طور پر یکم رمضان المبارک کے ایام ہوں گے، ہلکی بارش، پھوار یا بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔
خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی بادل چھائے رہنے اور وقفے وقفے سے بارش کی توقع ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی اور سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔ بعض پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری بھی ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مارچ کے دوران بھی یکے بعد دیگرے مغربی ہواؤں کے سلسلے ملک میں داخل ہوسکتے ہیں، جس کے باعث رمضان المبارک میں مزید بارشوں کی امید کی جا رہی ہے۔ شہریوں کو موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Leave feedback about this