پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ڈومین نیم سسٹم (ڈی این ایس) کا مرکزی نظام متعارف کرا دیا ہے۔
پی ٹی اے کے جاری اعلامیے کے مطابق ڈی این ایس نظام کے تحت ویب سائٹس ڈومین پرہی بلاک ہوسکیں گی، یوں غیراخلاقی ویب سائٹس انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز کی سطح پر خودکار نظام کے تحت بلاک ہوسکیں گی، جبکہ اس سے پہلے ویب سائٹس کی فہرست انٹرنیٹ فراہم کرنے والی کمپنیوں کی دسترس میں ہوتی تھی۔
پی ٹی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس نظام میں سوشل میڈیا نگرانی کا کوئی طریقہ کار نہیں ہے، یہ نیا نظام صرف غیراخلاقی مواد کو بلاک کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے، مذکورہ نظام سے لوگوں کی پرائیویسی پر کوئی اثر نہیں پڑےگا، بلکہ انٹرنیٹ کی رفتار بھی کم نہیں ہو گی۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ویب سائٹس کو بلاک کرنے کے خودکار نظام سے وقت کی بچت بھی ہوگی، عوام بے فکر رہے کہ اس نظام میں نگرانی کا کوئی طریقہ کار وضع نہیں کیا گیا جس سے پتا چل سکے کہ صارف کیا دیکھ اور ڈھونڈ رہا ہے، ٹیکنالوجی کے استعمال سے غیرقانونی اور غیراخلاقی مواد کو فوری بلاک کرنے کے موجودہ عمل کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔
Leave feedback about this