ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے افسران اور جوانوں کی نماز جنازہ ادا اور تدفین عمل میں آ گئی، گورنر و وزیراعلیٰ بلوچستان کے ساتھ آرمی چیف نے کوئٹہ میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور بریگیڈئیر محمد خالد کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے جاری بیان کے مطابق کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور برگیڈیئر محمد خالد کی نماز جنازہ کوئٹہ میں ادا کر دی گئی، جس میں گورنر بلوچستان میر جان محمد خان جمالی، وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شرکت کی۔
بعد ازاں آرمی چیف نے شہید لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور بریگیڈئر محمد خالد کے اہل خانہ سے ملاقات کی، اس کے علاوہ زیارت میں شہید لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا کے اہل خانہ سے بھی ملنے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا کی تدفین کے دوران پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے جسد خاکی کو سلامی پیش کی۔
دوسری جانب آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ میجر طلحہ منان، میجر محمد سعید اور نائیک مدثر فیاض کی نماز جنازہ بھی ادا کر دی گئی ہے، تینوں شہدا کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقوں میں ادا کی گئی۔
نائیک مدثر فیاض کی نماز جنازہ شکر گڑھ نارووال میں ادا کی گئی، جبکہ میجر محمد سعید کی نماز جنازہ لاڑکانہ میں ان کے آبائی علاقے میں ادا کی گئی اور میجر طلحہ منان کی نماز جنازہ راولپنڈی میں ادا کی گئی۔
میجر طلحہ منان کی نماز جنازہ میں چیف آف جنرل سٹاف لیفٹینٹ جنرل اظہر عباس، کور کمانڈر راولپنڈی ساحر شمشاد سمیت حاضر اور ریٹائرڈ فوجی حکام، شہدا کے رشتہ داروں اورعوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، تینوں شہدا کی تدفین کے وقت انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
Leave feedback about this