پاکستان تازہ ترین

پاک فوج کے لاپتا ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا، کور کمانڈر کوئٹہ سمیت تمام سوار افراد شہید

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے خبر دی ہے کہ گزشتہ روز لاپتا ہونے والے آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا ہے، جس کے بعد تصدیق کی جاتی ہے کہ کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت تمام چھے سوار افراد شہید ہو گئے ہیں۔

شعبہ تعلقات عامہ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک بیان کے ذریعے گزشتہ روز لاپتا ہونے والے ہیلی کاپٹر کا ملبہ ملنے کی تصدیق کی گئی ہے، اور بتایا گیا ہے کہ کور کمانڈر کوئٹہ (12 کور) لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی حادثے میں شہید ہو گئے ہیں، جبکہ باقی شہداء میں ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈ برگیڈیئر (منظور شدہ میجر جنرل) امجد حنیف اور برگیڈیئر محمد خالد بھی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر کا ملبہ لسبیلہ میں وندر کے قریب موسیٰ گوٹھ سے مل گیا ہے، ابتدائی تفتیش کے مطابق ہیلی کاپٹر کو حادثہ خراب موسم کی وجہ سے پیش آیا، بدقسمت ہیلی کاپٹر سیلاب زدگان کے لیے امدادی کارروائیوں میں مصروف تھا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری  فہرست کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے میں کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈی جی کوسٹ گارڈ برگیڈیئر امجد حنیف، برگیڈیئر محمد خالد، میجر سعید احمد، میجر محمد طلحہ منان اور نائک مدثر فیاض شہید ہوئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ حادثے سے متعلق مزید تفصیلات تحقیقات کے بعد نشر کی جائیں گی۔

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image