امریکی صدارتی انتخابات میں کملا ہیرس کی شکست پر ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنماوں نے صدر جوبائیڈن پر تنقید کرتے ہوئے انہیں شکست کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی نائب صدر کملا ہیرس کی شکست پر کئی ڈیموکریٹک رہنما غصے میں ہیں اور وہ شکست کا ذمہ دار صدر جوبائیڈن کو قرار دے رہے ہیں۔رپورٹس کے مطابق 3 ماہ قبل صدارتی انتخابات لڑنے کا اعلان کرنے والی کملا ہیرس کو صدر کی پالیسیز جاری رکھنے کے اعلان پر شکست ہوئی، ان کی اس شکست پر کچھ ڈیموکریٹس پارٹی کے مستقبل کے بارے میں سوالات اٹھا رہے ہیں۔خبر رساں ادارے کے مطابق ڈیموکریٹس نے الزام لگایا کہ پارٹی نے صدر جوبائیڈن کی ذہنی صحت کے بارے میں اپنے حامیوں سے جھوٹ بولا، ڈونلڈ ٹرمپ سے مباحثے نے خطرے کی گھنٹی بجائی تھی اور پھر صدر کو انتخابی دوڑ سے باہر ہونا پڑا۔ڈیموکریٹس نے کہا کہ صدر جوبائیڈن کو اپنی صحت سے متعلق کچھ چھپانا نہیں چاہیے تھا اور انہیں جلد انتخابی عمل سے دور ہوجانا چاہیے تھا۔رپورٹس کے مطابق کملا ہیرس کے ایک معاون نے کہا ہے کہ نائب صدر کی انتخابی مہم شروع سے ہی ان کی غیرمقبول صدر کے ساتھ وفاداری کی وجہ سے برباد ہوگئی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ ڈیموکریٹس کسی ایسے شخص سے انتخاب جیت سکتے تھے جو صدر کی پالیسیز سے الگ ہوجاتا، امیدوار مختلف پالیسیاں پیش کرتا اور تبدیلی کے امیدوار کے طور پر عوام کے سامنے پیش ہوتا۔خبر رساں ادارے کے مطابق اپریل 2023 میں جوبائیڈن نے اعلان کیا تھا کہ وہ دوبارہ انتخاب میں حصہ لیں گے، ان کے اس اعلان کو بہت سے ڈیموکریٹس نے شکوک و شبہات کے ساتھ خوش آمدید کہا تھا۔
Leave feedback about this