لاہور:وفاقی حکومت نے پی سی بی سے رابطہ کر کے بھارت سے متعلق پالیسی گائیڈ لائنز سے آگاہ کردیا۔ پی سی بی حکومتی ہدایات کے مطابق آئی سی سی کو خط لکھے گا اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی)کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے پاکستان میں کھیلنے سے انکار کی ٹھوس وجوہات پوچھے گا۔
کرکٹ بورڈ کو واضح کیا کہ پاک بھارت ٹاکرا پاکستان کے بغیر ممکن نہیں، منافع صرف بھارت کی وجہ سے نہیں بلکہ پاکستان کی موجودگی سے ہے۔حکومت نے بورڈ کو تلقین کی ہے کہ بھارت اگر پاکستان نہیں آیا تو آئندہ قومی ٹیم بھی کسی آئی سی سی اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) ایونٹ میں بھارت کے خلاف نہیں کھیلے گی۔
وفاقی حکومت نے پی سی بی کو تجویز دی ہے کہ اگر بھارتی ٹیم پاکستان میں کھیلنے کے لیے تیار نہیں تو کسی اور ٹیم کو مدعو کرنے پر غور کیا جائے۔ پی سی بی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے حکام کو اعتماد میں لیکر دیگر بورڈز سے بھی رابطہ کرے اور بھارت کے انکار کی صورت میں سری لنکا یا ویسٹ انڈیز کو بلانے کیلئے کام کیا جائے۔