الیکشن کمیشن کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو 5 سال کے لیے نااہل قرار دیے جانے کے بعد ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان کا پہلا سند یافتہ چور اور جھوٹا نااہل ہوا ہے، جبکہ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ عمران خان اب نااہل ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان کا پہلا سند یافتہ چور نااہل ہوا ہے۔
مریم نواز نے توشہ خانہ مقدمے میں عمران خان کی نااہلی کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا پہلا تصدیق شدہ جھوٹا اور سند یافتہ چور چوری کے ناقابل تردید ثبوتوں کے ساتھ نااہل ہوا۔
مریم نواز کا بیان میں مزید کہنا تھا کہ میاں بیوی نے مل کر قومی خزانے کو لوٹا، جتنی بڑی چوری ہے اس کی سزا صرف نااہلی پر ختم نہیں ہونی چاہیے، بلکہ اس کو گرفتار کر کے قانون کے حوالے کرنا چاہیے اور لوٹی ہوئی دولت واپس لینی چاہیے۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کی نااہلی کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عمران خان کو بدعنوان طرز عمل کی بنا پر مجرم قرار دیا ہے، وزیر خارجہ کے مطابق عمران خان اب نااہل ہیں۔
بلاول بھٹو نے مزید لکھا کہ اپنے سیاسی مخالفین کی مبینہ بدعنوانی کے بارے میں جھوٹ پھیلانے والا رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے۔
Leave feedback about this