اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران عالمی امن اور مسلم امہ کے اتحاد کے لئے پرعزم ہیں۔اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے سفیر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف نے وفد کے ہمراہ وزیراعظم شہباز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے ساتھ برادرانہ باہمی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے سپیکر ایرانی پارلیمنٹ اور وفد کا استقبال کیا، انہوں نے مسائل کیلئے بات چیت اور سفارتکاری جیسے پرامن طریقوں پر دونوں ممالک کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
شہباز شریف نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خمینی اور صدر مسعود پزشکیان کیلئے عزت و تکریم اور خیر سگالی کے پیغامات دیئے۔وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک ریاستی دہشت گردی اور خود مختار ممالک کے خلاف بلا اشتعال حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، پاکستان اور ایران بد قسمتی سے دہشت گردی کا شکار رہے ہیں، دونوں ممالک پوری دنیا کیلئے امن و خوشحالی اور علاقائی تعاون کے علمبردار ہیں۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران مسلم امہ کے اتحاد و یگانگت کیلئے مشترکہ عزم رکھتے ہیں، پاکستان ایران کے ساتھ باہمی مفاد کے مختلف شعبوں بالخصوص معاشی تعاون اور دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کا خواہش مند ہے۔سپیکر ایرانی پارلیمنٹ ڈاکٹر باقر نے وزیراعظم، حکومت اور پاکستان کی عوام کا حالیہ ایران اسرائیل جنگ میں بھرپور تعاون اور حمایت پر دلی اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران اسرائیل جنگ میں پاکستان کی حمایت کو ایرانی عوام کی تحسین اور خصوصی پذیرائی حاصل ہے، پاکستان اور ایران دنیا کے امن اور مسلم امہ کے اتحاد پر یقین رکھتے ہیں۔
ڈاکٹر باقر قالیباف نے پاکستانی پارلیمنٹ کے ساتھ مثبت تعاون کو سراہتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا خصوصی شکریہ ادا کیا، انہوں نے پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں بشمول معیشت اور تجارت میں تعاون کو مزید بڑھانے کے ایرانی عزم کا اظہار کیا۔ایرانی سپیکر نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان کی طرف سے وزیراعظم اور پاکستانی عوام کیلئے جذبہ خیر سگالی کا بھی اظہار کیا، انہوں نے پاکستان میں دورے کے دوران مہمان نوازی پر بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔
تازہ ترین
پاکستان اور ایران عالمی امن و مسلم امہ کے اتحاد کیلئے پرعزم : وزیراعظم
- by web_desk
- نومبر 7, 2025
- 0 Comments
- 8 Views
- 1 گھنٹہ ago

Leave feedback about this