بلوچستان میں ہونے والی شدید بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے جھل مگسی اور جیکب آباد کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ وزیراعظم نے سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا، اور جھل مگسی میں سیلاب متاثرین سے ملاقات بھی کی جبکہ ان کے مسائل بھی دریافت کیے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیلاب سے تباہ ہونے والے گھروں کی تعمیر کے لیے 5 لاکھ روپے دیں گے، اور جن گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ان کو دو لاکھ روپے یا اس سے زیادہ رقم دیں گے، بلوچستان حکومت سیلاب سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے امداد دے گی، جبکہ زخمیوں کو فی کس 2 لاکھ روپے کی امداد دی جائے گی،
انھوں نے کہا کہ سیلاب سے جو فصلیں تباہ یا مویشی ہلاک ہوئے، اس کے حوالے سے کمیٹیاں بنا دی ہیں، وفاق کی سطح پر چار کمیٹیاں بنی ہیں جو چاروں صوبوں سے مشاورت کر کے سروے کریں گی، یہ کمیٹیاں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں سے بھی مشاورت کریں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پُرعزم لہجے میں کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ ہیں، وفاق اور صوبائی حکومت مل کر بلوچستان کے عوام کی خدمت کریں گے، جب تک آخری گھر آباد نہیں ہو جاتا ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
Leave feedback about this