ممنوعہ فنڈنگ مقدمے میں عمران خان سمیت 11 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، ملزمان پر فارن ایکسچینج ایکٹ کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے نے ممنوعہ فنڈنگ مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اورسابق وزیراعظم عمران خان سمیت 11 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، مقدمہ کارپوریٹ بینکنگ سرکل نے درج کیا۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے فارن ایکسچینج ایکٹ کی خلاف ورزی کی، سردار اظہر طارق، سیف اللہ نیازی، سید یونس، عامر کیانی، طارق شیخ، طارق شفیع بھی نامزد کیے گئے ہیں، ملزمان نجی بینک اکاؤنٹ کے ‘بینفشری’ ہیں، تحریک انصاف کا نجی بینک میں اکاؤنٹ تھا، نجی بینک کا منیجر بھی مقدمہ میں شامل کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ نیا پاکستان کے نام پر بینک اکاؤنٹ بنایا گیا، بینک مینجر نےغیر قانونی بینک اکاؤنٹ چلانے کی اجازت دی، بینک اکاؤنٹ میں ابراج گروپ آف کمپنی سے 21 لاکھ ڈالر آئے، تحریک انصاف نےعارف نقوی کا الیکشن کمیشن میں بیان حلفی جمع کرایا۔
ابراج گروپ کمپنی نے تحریک انصاف کے اکاؤنٹ میں پیسے بھیجے، بیان حلفی جھوٹا اورجعلی ہے، ووٹن کرکٹ کلب سے دو مزید اکاؤنٹ سے رقم وصول ہوئی، نجی بینک کے سربراہ نے مشتبہ غیر قانونی تفصیلات میں مدد کی۔