صحت

ماں کا دودھ: اللہ کی رحمت اور بچے کا حق

ماں کا دودھ: اللہ کی رحمت اور بچے کا حق

اسلام آباد:ماہ اگست کا پہلا ہفتہ دنیا بھر میں بریسٹ فیڈنگ کی آگاہی کے طور پہ منایا جاتا ہے۔ پاکستان میں نوزائیدہ بچوں میں اموات کی شرح mortality perinatal اور خوراک کی کمی یعنی malnutrition خطرناک حد تک زیادہ ہے۔ اسکی ایک بڑی وجہ ابتدائی عمر میں breastfeeding exclusive کا نہ ہونا ہے۔ربِ کائنات نے بچے کے دنیا میں آنے سے پہلے ہی اس کی خوراک کا جو انتظام کر رکھا ہے، وہ طبی اور غذائی اعتبار سے قدرت کا ایک شاہکار نظام ہے۔ ماں کا دودھ اللہ تعالی کا انعام اور بچے کے لیے ایک متوازن اور چھے ماہ تک کے لیے ایک مکمل غذا ہے۔ سورہ البقرہ کی آیت 233 میں ماں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اور مائیں اپنے بچوں کو پورے دوسال تک دودھ پلائیں۔
ہمارے پیارے نبی، حضرت محمدۖ نے بھی دودھ پلانے والی ماں کے لیے بہت زیادہ اجر کی بشارت دی ہے۔ مجمع الزوائد اور کنزالعمال کی روایت میں حضرت انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ بچے کی پیدائش کے بعد (ماں کی چھاتی سے) دودھ کا جو قطرہ نکلتا ہے اور جب بچہ اس دودھ کو پیتا ہے، تو ہر گھونٹ اور ہر قطرے پر عورت کو نیکی ملتی رہتی ہے۔اللہ تعالی نے ماں کے دودھ میں ایسے قدرتی اجزا رکھے ہیں، جن سے بچے کی قوتِ مدافعت میں اضافہ ہوتا ہے اور وہ بہت سی بیماریوں سے محفوظ ہو جاتا ہے۔اور اِس کے ذریعے بچے کا نظامِ ہضم بھی درست کام کرتا ہے۔ ماں کے دودھ میں موجود اینٹی باڈیز مختلف جراثیم سے بچے کو تحفظ فراہم کرتی ہیں خاص طور پر ابتدائی دِنوں کا دودھ،یعنی colostrum جراثیم کے خلاف مدافعت کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ اِس لیے وہ بچے کو ضرور پلانا چاہیے۔
ماں کا دودھ پینے والا بچہ عموما موٹاپے اور ذیابطیس سے محفوظ رہتا ہے۔ ماں کے دودھ میں مختلف غذائی اجزا مثلا چکنائی، نشاستہ، لحمیات، نمکیات اور وٹامنز متناسب مقدار میں پائے جاتے ہیں، جو بچے کے لیے بے حد مفید ثابت ہوتے ہیں، اسی لیے یہ دودھ پینے والے بچے، دیگر بچوں کی نسبت زیادہ ذہین ہوتے ہیں۔نیز، ماں کا دودھ پینے سے ماں اور بچے میں مضبوط تعلق استوار ہوتا ہے۔ طبی ماہرین کی جانب سے خصوصی ہدایت دی جاتی ہے کہ پیدائش کے فورا بعد بچے کو ماں کے ساتھ لگا دیا جائے۔پھر چوں کہ ماں کا دودھ بہت خالص، جراثیم سے پاک اور مناسب درجہ حرارت پر بچے کو ملتا ہے۔ تو بلاشبہ یہ بچے کے لیے دنیا میں آنے کے بعد پہلا اور انمول تحفہ ہے،جو اللہ تعالی کی طرف سے ماں کے ذریعے ودیعت کیا جاتا ہے اور یہ بچے کا حق بھی ہے۔
یہ بچے کی ذہنی، جسمانی اور نفسیاتی نشوونما کے لیے اکسیر کی حیثیت رکھتا ہے۔نیز، اپنے بچے کو دودھ پلانے سے ماں کو بھی بے شمار طبی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔مثلا بچہ جب دودھ پیتا ہے، تو ماں کے جسم میں ایک ہارمون oxytocin بنتا ہے، جس سے ماں کے مختلف اعضا اور جلد، جلد اصل حالت میں آجاتے ہیں، خون کا بہا جلد رک جاتا ہے اور پیدائش کے بعد بہت زیادہ خون بہنے سے ہونے والے hemorrhage Postpartumکے امکانات کم ہوجاتے ہیں۔نیز، یہ بچوں میں وقفے کا ایک قدرتی طریقہ بھی ہے۔اسی طرح جو مائیں بچوں کو دودھ پلاتی ہیں، ان میں چھاتی اور تولیدی اعضا کے سرطان(کینسر) کے امکانات کم ہوجاتے ہیں، پھر یہ کہ بچوں کو اپنا دودھ پلانے والی مائیں بار بار بوتل ابالنے کے تردد سے بھی بچ جاتی ہیں۔

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image