لانگ مارچ میں شامل خاتون صحافی صدف نعیم عمران خان کے کنٹینر کے نیچے آ کر جاں بحق پاکستان Roze News
پاکستان تازہ ترین

لانگ مارچ میں شامل خاتون صحافی صدف نعیم عمران خان کے کنٹینر کے نیچے آ کر جاں بحق

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ میں شامل خاتون صحافی صدف نعیم عمران خان کے کنٹینر کے نیچے آ کر جاں بحق ہو گئیں۔

آج سہ پہر ایک افسوس ناک واقعے کے نتیجے میں لانگ مارچ میں شامل ایک خاتون صحافی کنٹینر کے نیچے آ کر جان کی بازی ہار گئی۔

خاتون صحافی صدف نعیم کے بارے میں بتایا جا رہا ہے وہ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹر تھیں، حادثے کے بعد عمران خان نے کنٹینر رکوا دیا اور وہ کنٹینر سے نیچے اتر کر جائے حادثہ پر پہنچے، اس حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ خاتون رپورٹر کے جاں بحق ہونے کے بعد تیسرے روز کا لانگ مارچ یہیں ختم کرتے ہیں، دعا ہے اللہ تعالیٰ خاتون کے گھر والوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے خاتون صحافی کی ہلاکت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ رپورٹر صدف نعیم کی لانگ مارچ کنٹینر سے گرنے سے ہلاکت پر شدید دکھ ہے، اندوہناک واقعے پر جتنا افسوس کیا جائے کم ہے، اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں، انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ صدف نعیم ایک متحرک اور محنتی رپورٹر تھیں، مرحومہ کی مغفرت اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔

اُدھر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا حادثے پر کہنا تھا کہ خاتون صحافی کی موت پر کوئی سیاست نہیں کرنی چاہیے، یہ بہت ہی افسوس ناک واقعہ ہے، اور اس افسوس ناک حادثے کے ذمہ دار عمران خان ہیں، مارچ میں صحافیوں کی حفاظت کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے، جبکہ خاتون صحافیوں کے لیے خصوصی انتظامات کرنے چاہییں تھے۔

یہاں وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے بھی غم ناک واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صدف نعیم کی موت پر دلی صدمہ ہوا ہے، صدف پیئشہ ور، محنتی اور قابل صحافی تھیں، چودھری پرویز الٰہی نے مرحومہ کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالٰی سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے، دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی ہے۔

Exit mobile version