ٹی 20 ورلڈ کپ کے اہم ترین مقابلے میں پاکستان کی نیدرلینڈز کو 6 وکٹوں سے شکست کھیل Roze News
کھیل

ٹی 20 ورلڈ کپ کے اہم ترین مقابلے میں پاکستان کی نیدرلینڈز کو 6 وکٹوں سے شکست

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے اہم ترین مقابلے میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پرتھ میں کھیلے گئے اس اہم مقابلے میں نیدرلینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے ٹاس جیت کر قومی کپتان بابر اعظم کو گیند بازی کرنے کا کہا، نیدرلینڈز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اووروں میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 91 رنز اسکور کیے، 17 اووروں تک نیدرلینڈز کا 6 وکٹوں کے نقصان پر 73 رنز تھے، پاکستان کی طرف سے شاہین، حارث اور نسیم شاہ ایک ایک جبکہ شاداب خان 3 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، تیز گیند باز شاہین شاہ آفریدی نے ٹورنامنٹ کی پہلی وکٹ ابتدائی بلے باز اسٹیفن مائیبرگ کی صورت میں حاصل کی، اس کے علاوہ شاداب خان نے زخمی ہونے والے بیس ڈی لیڈ کی جگہ آنے والے ٹام کوپر کو آؤٹ کیا۔

جواب میں پاکستانی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 13.5 اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا، پاکستان کے کپتان بابر اعظم ایک دفعہ پھر دو عددی ہندسے میں داخل نہ ہو سکے، وہ 4 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، محمد رضوان نروس فورٹیز کا شکار ہو کر 49 رنز پر آؤٹ ہوئے، جبکہ ٹورنامنٹ کا پہلا میچ کھیلنے والے فخر زمان نے 20 رنز کی اننگز کھیلی، شان مسعود 12 رنز پر کیچ آؤٹ ہوئے، افتخار احمد 6 اور شاداب خان 4 رنز کے ساتھ کریز پر موجود رہے، نیدرلینڈز کی طرف سے برینڈن گلوور نے دو جبکہ پاؤل وین میکرن نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کی یہ 6 وکٹوں سے جیت ٹورنامنٹ کی پہلی فتح ہے، گرین شرٹس کو ابتدائی دو مقابلوں میں بھارت اور زمبابوے کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

Exit mobile version