کراچی:پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے حکومت سے سیلاب متاثرین کیلئے فوری بین الاقوامی امداد کی اپیل کا مطالبہ کر دیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے لکھا کہ ہم وفاقی حکومت کی جانب سے پاکستان پیپلز پارٹی کے مطالبے پر ماحولیاتی اور زرعی ایمرجنسی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں، یہ قابل افسوس ہے کہ وفاقی حکومت اب تک گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، پنجاب اور بالخصوص جنوبی پنجاب کے متاثرہ اضلاع کیلئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت کسی ریلیف کا اعلان نہیں کر سکی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ذاتی طور پر مجھے یقین دہانی کرائی تھی کہ متاثرین سیلاب کو بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کے تحت ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے اقوامِ متحدہ کے نظام کے تحت بین الاقوامی امداد کیلئے اپیل میں تاخیر ناقابلِ فہم ہے، اس سطح کی آفات کے دوران دنیا بھر میں بین الاقوامی امداد کی اپیل ایک معمول کی پریکٹس ہے جیسا کہ 2022 کے سیلاب کے دوران اس وقت کیا گیا جب میں وزیر خارجہ تھا۔
Leave feedback about this